اہم ترین

اڈیالہ جیل کے قریب احتجاج، عمران خان کی بہنیں اور دیگر زیر حراست

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے اہل خانہ اور رہنماؤں کو ملنےکی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج اور پتھراؤ کے بعد پولیس نے گھورکپور ناکہ پر موجود بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، عالیہ حمزہ، صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر کو تحویل میں لے لیا۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے دن عمران خان کی بہنیں، بشریٰ بی بی کے فیملی ممبران مہرالنسا، مبشرہ شیخ، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ، ظہیر عباس اڈیالہ پہنچ گئے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمی خان اورقاسم خان نیازی کو نجی فارماسیوٹیکل کمپنی کے قریب روکا گیا۔

گورکھپور ناکے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا ملاقات نہ کروانے پر احتجاج کیا، پولیس کی جانب سے علیمہ خان کے علاوہ دو بہنوں اور کزن قاسم نیازی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی آفر کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے پولیس کو جواب دیا کہ علیمہ خان کے بغیر ہم عمران خان سے ملاقات نہیں کریں گے، عمران خان کی بہنیں جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر گورکھپور ناکے پر موجود رہیں۔

اسی دوران پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عالیہ حمزہ کو بھی گورکھپور ناکہ پر روک لیا گیا، اسی طرح ‏اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر کو بھی اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا گیا، ان کے ہمراہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی بھی موجود تھے۔

پولیس نے 4 پی ٹی آئی کارکنان کا تحویل میں لے لیا، پولیس کے پہنچنے پر پی ٹی آئی کارکنان موقع سے بھاگ گئے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے موقع سے بھاگنے کے دوران پولیس پر پتھر برسا دیے، تحویل میں لئے گئے پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس نے چھوڑ دیا، کارکنان کو موقع سے واپس جانے کی یقین دہانی پر چھوڑا گیا۔

بعد ازاں، احتجاج کرنے پر گورکھپور ناکہ کے قریب گھورکپور ناکہ پر موجود بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت متعدد خواتین کارکنوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔

پاکستان