پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت نے دہشت گردی کی آڑمیں جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے
عالمی برادری کو پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت کے جارحانہ عزائم سے آگاہ کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی سفارتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دفترخارجہ کی طرف سے خطےکی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق سفارتی کمیٹی مختلف ملکوں کا دورہ کرےگی۔عالمی سطح پر پاکستان کامؤقف بھرپور اندازمیں پیش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بےبنیادالزامات لگائے۔ ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمےکےلیے کوشاں ہیں کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے ثبوت دنے کے بجائے الزام تراشی کی۔ پاکستان نے شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے جھوٹ، نفرت اور تقسیم کے ایجنڈے کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن،استحکام اور ترقی ہے، ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت نے دہشت گردی کی آڑمیں جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی خطےکےلیے بہت نقصان دہ ہے۔ ہم ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ خطےکے امن کے لیے تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہوں گے۔ اس کے لئے کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت ہونی چاہیے۔