پاکستان نے بھارتی وزیرِاعظم نریندرا مودی کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو مسترد کر دیا
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم کے بیانات علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہیں۔ جھوٹے الزامات اور عسکری دعوے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر شراکت دار ہے، پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوششیں گمراہ کن اور ناقابلِ قبول ہیں۔ عالمی برادری بھارت کے جنگی بیانیے اور نفرت انگیز رویے کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بناتا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم بین الاقوامی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات سے خطے میں امن کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔