امریکا میں شہد کی مکھیوں کے چھتّے لے جانے والا ایک ٹرک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں نہیں بلکہ تقریباً 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد ہو گئیں۔
امریکی ویب سائیٹ کے مطابق شمال مغربی واشنگٹن ریاست میں کینیڈا کی سرحد کے قریب لنڈن کے علاقے میں ٹرک کے ذریعے شہد کی مکھیوں کے سیکڑوں چھتے منتقل کئے جارہے تھے ۔
راستے میں ٹرک الٹنے سے شہد کی مکھیوں کو فرار کا موقع مل گیا۔ حادثے کے بعد علاقے کی سڑکیں بند کر دی گئیں جبکہ شہد کی مکھیوں کے ماہرین اور شہد کی مکھیاں پالنے والے افراد ان بے قابو ہو جانے والی مکھیوں کو قابو میں کرنے اور انہیں بچانے میں مصروف ہیں۔
واٹکوم کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد ہوئی ہیں جو علاقے میں لوگوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اس لئے شہری متاثرہ علاقے سے دور رہیں تاکہ ڈنک مارنے والے جھنڈ سے بچا جا سکے۔