امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات اور حکمت عملی عام سیاستدانوں کے لئےناقابل یقین ہوتی ہے۔ اب وہ ڈاکٹر بن کر لوگوں کومشورہ بھی دینے لگے ہیں۔ ان کےحالیہ بیان نے تو دنیا بھر کے طبی ماہرین کی ساری مہارت کا جنازہ ہی نکال دیاہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حاملہ خواتین کو ایسیٹامنیوفین (امریکا میں ٹائلینال یا پیراسیٹامول) کا استعمال محدود کرنا چاہیے کیونکہ اس سے بچوں میں ’آٹزم‘ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
آٹزم کے لیے ممکنہ ’علاج‘ تلاش کرنے کے لیے ریسرچ پر زور دیتے ہوئے ٹرمپ نے اعلان کیا کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) جلد ہی ڈاکٹروں کو دوران حمل ٹائلینال (پیرا سیٹامول) کی سفارش کو محدود کرنے کے لیے نوٹس بھیجے گا۔ اسے تب تک نہیں دیا جانا چاہیے جب کہ طبی طور پر ضروری نہ ہو۔
دوسری جانب ٹائلینال (امریکی پیراسیٹامول) بنانے والی کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ ایسیٹامینوفین حاملہ خواتین کے لیے ان کے پورے حمل کے دوران ضروری سب سے زیادہ محفوظ درد سے نجات کا متبادل ہے۔
طبی ماہرین نے بھی ٹرمپ کے بیان کو قبل از وقت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ ابتک کی تحقیق میں ایسا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہناہے کہ آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل کے ایک پیچیدہ امتزاج کی وجہ سے ہوتا ہے۔ پیراسیٹامول اور آٹزم کے درمیان کسی بھی ممکنہ تعلق کے بارے اب بھی تحقیق جاری ہے۔










