انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دے دیا ہے۔ آئی سی سی کے چار درجے کے ریٹنگ سسٹم میں یہ دوسرا کم ترین درجہ ہے، جو ایسی پچ کو ظاہر کرتا ہے جو حد سے زیادہ بولرز کے حق میں ہو۔
یہ میچ صرف دو دن میں ختم ہوگیا، جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے انتہائی مشکل تھی۔ ان کے مطابق پہلے دن 20، دوسرے دن 16 وکٹیں گریں اور کوئی بھی بیٹر نصف سنچری تک نہ پہنچ سکا، اسی بنیاد پر پچ کو ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیا گیا اور ایم سی جی کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
اس فیصلے کے ساتھ ہی ایم سی جی کی گزشتہ تین باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز میں حاصل ہونے والی ’’بہت اچھی‘‘ ریٹنگز کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ میچ میں انگلینڈ نے دوسرے دن کے آخری سیشن میں چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جبکہ چاروں اننگز میں کسی بھی بیٹر کا سب سے زیادہ اسکور 46 رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں بھی دو دن میں ختم ہوا تھا، تاہم اس پچ کو آئی سی سی نے ’’بہت اچھی‘‘ قرار دیا تھا۔
ایم سی جی کے کیوریٹر میٹ پیج اور ان کی ٹیم نے وکٹ پر 10 ملی میٹر گھاس چھوڑی تھی، جس کی وجہ سے فاسٹ بولرز کو غیر معمولی سیم اور باؤنس ملا اور بیٹنگ خطرناک ثابت ہوئی۔ میچ جلد ختم ہونے کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو تقریباً ایک کروڑ آسٹریلین ڈالر کے ریونیو نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ تیسرے اور چوتھے دن کے ٹکٹس کی رقم واپس کرنا پڑی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف آف کرکٹ جیمز آل ساپ نے کہا کہ شائقین اور دنیا بھر میں کرکٹ دیکھنے والوں کے لیے یہ مایوس کن تھا کہ پچ بیٹ اور بال کے درمیان روایتی توازن فراہم نہ کر سکی، تاہم انہوں نے حالیہ برسوں میں ایم سی جی اسٹاف کے کام کو سراہا۔
دوسری جانب آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کیوریٹر کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میٹ پیج نے برسوں سے شاندار کام کیا ہے اور بیٹرز کو بھی اپنی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار خراب ٹیسٹ میچز بھی ہو جاتے ہیں اور وہ پچ کی تیاری میں کسی قسم کی مداخلت کے حق میں نہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے سیزن کے اختتام پر ٹیسٹ وکٹوں کے انتظام کا اپنا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے عندیہ دیا ہے کہ بہت مختصر ٹیسٹ میچز کاروباری طور پر نقصان دہ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز میں آسٹریلیا کو 3-1 کی برتری حاصل ہے، جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ اتوار سے سڈنی میں شروع ہوگا۔









