ملک کے معروف ترین بھی اسپتال آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے ماہرین نے واضح کیا ہے کہ مشرقی بھارت اور بنگلا دیش میں نیپاہ وائرس (این آئی وی) سے متعلق حالیہ پیش رفت اس وقت پاکستان کے لیے براہِ راست خطرہ نہیں ہے۔ ماہرین کے مطابق جغرافیائی عوامل اور وائرس کے معلوم طریقۂ پھیلاؤ کے باعث اس کے پاکستان تک پہنچنے کا امکان کم ہے، تاہم یہ صورتحال قومی سطح پر وبائی تیاریوں کا جائزہ لینے کا ایک اہم موقع ضرور فراہم کرتی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کے دوران اے کے یو ایچ کے ماہرینِ متعدی امراض نے بتایا کہ 2025 کے بعد سے دنیا بھر میں نیپاہ وائرس کے صرف 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے صرف دو کیسز انسان سے انسان میں منتقلی کے تھے، جو ایک نہایت نایاب عمل سمجھا جاتا ہے۔
اے کے یو ایچ میں متعدی امراض کے پروفیسر اور ایسوسی ایٹ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فیصل محمود نے کہا کہ اگرچہ نیپاہ ایک سنجیدہ انفیکشن ہے اور اس کی شرحِ اموات زیادہ ہو سکتی ہے، تاہم بین الاقوامی سطح پر اس کے پھیلاؤ کا خطرہ کم تصور کیا جاتا ہے اور اس وقت پاکستان کے لیے فوری تشویش کا باعث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں صحت کے شعبے کی توجہ اندرونی چیلنجز پر مرکوز ہے، جن میں خسرہ کے کیسز میں حالیہ اضافہ بھی شامل ہے۔
ماہرین نے وضاحت کی کہ نیپاہ وائرس کی منتقلی بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں ہوتی ہے، خاص طور پر متاثرہ چمگادڑوں سے براہِ راست رابطے یا ان سے آلودہ خوراک جیسے کچے درختوں کے رس یا پھل کے استعمال سے۔ انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ صرف چمگادڑوں کے قریب سے گزرنے یا ان کے اردگرد اُڑنے سے وائرس منتقل ہو سکتا ہے۔
اے کے یو ایچ میں متعدی امراض کی سیکشن ہیڈ ڈاکٹر نوشین ناصر نے کہا کہ حالیہ کیسز جغرافیائی طور پر بھارت کی ریاستوں مغربی بنگال اور کیرالہ کے ساتھ ساتھ بنگلا دیش تک محدود ہیں، جبکہ پاکستان سے متصل بھارتی علاقوں میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ چونکہ نیپاہ کی ابتدائی علامات جیسے بخار اور سر درد عام فلو سے ملتی جلتی ہوتی ہیں اور بعد میں یہ دماغ کی شدید سوزش میں تبدیل ہو سکتی ہیں، اس لیے طبی نگرانی اور بروقت تشخیص بے حد ضروری ہے۔
پینل نے بین الاقوامی داخلی مقامات پر مسافروں کی حکومتی اسکریننگ کو عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اگر صحت کے نظام کی تیاری کو ترجیح دی جائے تو پاکستان مستقبل کی عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹنے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔











