بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کئی دہائیوں سے فلم انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں، تاہم عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان کا ماننا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تینوں خانز کو اپنے کرداروں پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔
شوشا نامی نیوز ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ بطور ہیرو اداکاروں کا ایک مخصوص وقت ہوتا ہے، جس کے بعد انہیں اپنی عمر کے مطابق کرداروں کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔ ہر اداکار ایک عمر کے بعد ایسے کردار نہیں نبھا سکتا جو نوجوان ہیروز کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔
عامر خان کی ہوم پروڈکشن ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس کے ذریعے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں واپسی کرنے والے عمران خان نے کہا کہ آج کا ناظر عمر کے لحاظ سے حقیقت سے قریب کہانیوں کو ترجیح دیتا ہے۔ جب اداکار 60 سال کے ہو جائیں اور 30 سال سے زیادہ عرصے تک اسٹارڈم انجوائے کر چکے ہوں، تو انہیں اپنے کرداروں کی نوعیت بدلنے پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نئی نوجوان نسل ابھرتی ہے جو اپنے ہم عمر اور اپنے تجربات سے قریب کرداروں سے جڑنا چاہتی ہے۔ ہم فلمیں اور شوز اس لیے دیکھتے ہیں تاکہ خود کو ان کہانیوں اور کرداروں میں دیکھ سکیں۔
اداکار کے مطابق نوجوان ناظرین کے لیے بڑی عمر کے کرداروں پر مبنی کہانیاں کشش کھو سکتی ہیں۔ نوجوان نسل شاید 70 سالہ شخص کی کہانی دیکھنے میں دلچسپی نہ لے۔











