اہم ترین

ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ میں نیلام: نام بھی راولپنڈی ہوگیا

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی ہے۔ لاہور ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نیلامی کے دوران ولی ٹیکنالوجیز نے 2 ارب 45 کروڑ روپے کی ریکارڈ بولی لگا کر فرنچائز کے ملکیتی حقوق حاصل کر لیے۔ نئے مالکان کی جانب سے ٹیم کے لیے راولپنڈی کا نام منتخب کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

نیلامی کا آغاز ایک ارب 82 کروڑ روپے سے ہوا، جب کہ اس سے قبل دو نئی فرنچائزز کی فروخت پہلے ہی ریکارڈ قیمتوں پر ہوچکی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تکنیکی جانچ پڑتال کے بعد پانچ گروپس کو نیلامی میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی، جن میں ولی ٹیکنالوجیز، سی ڈی وینچرز، پارٹیکل اگنائیٹر، ایم نیکسٹ اور ڈی ایس ایم گروپ شامل تھے۔

ڈی ایس ایم گروپ، جو ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین کی نمائندگی کرتا تھا، ابتدائی مرحلے میں ہی نیلامی سے باہر ہوگیا۔ بعد ازاں بولی کا دلچسپ مقابلہ ولی ٹیکنالوجیز اور سی ڈی وینچرز کے درمیان رہا، جس میں مختلف مراحل پر قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سی ڈی وینچرز کی جانب سے 2 ارب 35 کروڑ روپے کی پیشکش کے جواب میں ولی ٹیکنالوجیز نے 2 ارب 45 کروڑ روپے کی حتمی اور بلند ترین بولی لگائی۔ اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ کے بعد سی ڈی وینچرز نے مزید بولی نہ لگانے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں ولی ٹیکنالوجیز نے آئندہ دس برس کے لیے فرنچائز اپنے نام کرلی۔

پاکستان