جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین جوڑوں میں شمار کیے جانے والے رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا کی شادی سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آ گئی ہے۔ اگرچہ اب تک دونوں اداکاروں نے خود اس خبر کی تصدیق نہیں کی، تاہم رپورٹس کے مطابق شادی کی تاریخ تقریباً طے سمجھی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشمیکا مندانا اور وجے دیورا کونڈا ایک دوسرے کے قریب نظر آتے رہے ہیں، انہوں نے ہمیشہ اپنے تعلق پر کھل کر بات کرنے سے گریز کیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل منگنی کی افواہیں بھی سامنے آئیں، یہاں تک کہ وجے کی انگلی میں انگوٹھی دیکھ کر قیاس آرائیاں مزید تیز ہو گئیں، مگر کسی باضابطہ اعلان نے ان خبروں پر مہر نہیں لگائی۔
اب تازہ رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا 26 فروری 2026 کو شادی کرنے جا رہے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ شادی راجستھان کے تاریخی شہر ادے پور میں ہوگی، جبکہ 4 مارچ کو ایک شاندار ریسپشن کے ساتھ شادی کی تقریبات کا اختتام ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رشمیکا نے شادی کی تاریخ کا براہِ راست اعلان تو نہیں کیا، لیکن حال ہی میں جب ان سے شادی سے متعلق سوالات کیے تو وہ صرف مسکراتی رہیں۔ ان کے تاثرات نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ واقعی کچھ بڑا ہونے والا ہے، جس کے بعد 26 فروری کی تاریخ کو لے کر قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئیں۔
اس شادی میں محدود مہمانوں کو مدعو کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ایک نو فون پالیسی بھی نافذ کی جا سکتی ہے، جس کے تحت مہمانوں کو رسومات کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ماضی کے تجربات کو دیکھتے ہوئے شائقین کو یقین ہے کہ خفیہ تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز کسی نہ کسی طرح سوشل میڈیا تک پہنچ ہی جاتی ہیں۔
اب سب کی نظریں 26 فروری پر جمی ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ شادی کی یہ خبریں حقیقت کا روپ دھارتی ہیں یا پھر رشمیکا اور وجے کی خاموشی ہی سب سے بڑا جواب ثابت ہوتی ہے۔











