اہم ترین

میری نجی زندگی سے کھیل مت کھیلو: گووندا کی بالی ووڈ کو وارننگ

بالی ووڈ کے ہیرو نمبر ون کہلانے والے گووندا ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی فلم نہیں بلکہ ان کا ایک تازہ انٹرویو ہے جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور فلم انڈسٹری کے چند بڑے ناموں پر کھل کر بات کی ہے۔

کافی عرصے سے بڑے پردے سے دور رہنے والے گووندا اس وقت اپنی نجی زندگی کے تنازعات کے باعث سرخیوں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی اہلیہ سنیتا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد گووندا نے بھی خاموشی توڑ دی ہے۔

دینک جاگرن نامی نیوز ویب سائیٹ کو دیے گئے انٹرویو میں گووندا نے معروف فلم ساز کرن جوہر پر سخت تنقید کی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے نام اور مبینہ ذاتی زندگی کو بنیاد بنا کر ایک فلم بنانے کی کوشش کی گئی، جو انہیں ہرگز قبول نہیں۔

گووندا نے کہا کہ ان کے نام سے مشابہ فلم (میرا نام گووندا) میں شوہر، بیوی اور گرل فرینڈ کے درمیان غلط فہمیوں اور شک و شبہات کی کہانی دکھانے کی کوشش کی گئی، جو ہرگز ان کی ذاتی زندگی کی عکاسی نہیں کرتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلموں کے لیے کسی کی نجی زندگی کو زبردستی کہانی میں فٹ کرنا درست عمل نہیں ہے اور وہ ایسی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔

گووندا نے سخت لہجے میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ان کے صبر کا امتحان لیا تو وہ کھلے عام جواب دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی کہ مذاق اور تخلیقی آزادی کی بھی ایک حد ہونی چاہیے۔

انٹرویو کے دوران گووندا نے واضح کر دیا کہ وہ اپنی عزت اور ذاتی زندگی پر کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کریں گے اور بالواسطہ طور پر اس معاملے سے جڑے افراد کو خبردار بھی کر دیا۔

پاکستان