مشہور امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے اپنے مشہور گانوں پر مشتمل میوزک کیٹلاگ کے حقوق فروخت کر دیے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کی مالیت تقریباً 200 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے، اگرچہ قانونی دستاویزات میں حتمی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔
برٹنی اسپیئرز کے کیٹلاگ میں بے بی ون مور ٹائم اور اوپس! آئی ڈڈ اٹ اگین جیسے عالمیسطح پر مقبول عام گانے شامل ہیں۔ یہ حقوق معروف میوزک پبلشر پرائمری ویو نے خریدے ہیں، جس کے پاس پہلے ہی وٹنی ہیوسٹن، باب مارلے اور پرنس جیسے مغربی فنکاروں کے کام موجود ہیں۔
برٹنی اسپیئرز ان فنکاروں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنہوں نے حالیہ برسوں میں اپنے میوزک حقوق فروخت کیے، جن میں بروس اسپرنگسٹین، باب ڈیلن، شکیرا اور کے آئی ایس شامل ہیں۔ 2023 میں جسٹن بیبر نے بھی اسی نوعیت کا معاہدہ کیا تھا۔
میوزک کے اشاعتی حقوق کے مالکان کو گانوں کی نشریات، البم فروخت، اشتہارات اور فلموں میں استعمال پر ادائیگی ملتی ہے۔ اسٹریمنگ کے دور میں میوزک کیٹلاگ طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر خاصی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
برٹنی اسپیئرز نے 1990 کی دہائی کے آخر میں بے پناہ شہرت حاصل کی تھی، تاہم حالیہ برسوں میں وہ موسیقی کی دنیا سے کافی حد تک دور رہی ہیں۔ 2021 میں امریکی عدالت نے ان پر عائد 13 سالہ کنزرویٹرشپ ختم کر دی تھی، جس کے تحت ان کے والد ان کے مالی معاملات کنٹرول کر رہے تھے، جسے برٹنی نے خود تکلیف دہ قرار دیا تھا۔











