ایران میں اسرائیل کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کے الزام میں 20 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق مغربی آذربائیجان صوبے کے پراسیکیوٹر آفس نے بتایا ہے کہ گرفتار افراد پر اسرائیل کے ساتھ تعاون اور ایران کے فوجی و سکیورٹی مقامات کی معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے۔
پراسیکیوٹر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکومت سے منسلک متعدد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو عدالتی حکم کے تحت گرفتار کر کے حراست میں لیا گیا۔
بیان کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر ایران کے فوجی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سکیورٹی تنصیبات کی لوکیشن سے متعلق معلومات اسرائیل کو فراہم کر رہے تھے۔
ادھر خبر رساں ادارے رائٹرز نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا ہے، جس میں زمینی ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی چیک پوسٹس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔










