اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے اہم شہری علاقوں پر فضائی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک بلند و بالا 10 منزلہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے، جس نے لبنانی دارالحکومت بیروت کو ایک بار پھر شدید ہلا کر رکھ دیا۔
گزشتہ شب سے صبح تک جاری رہنے والی بمباری کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں زوردار دھماکوں کی گونج سنائی دیتی رہی، جبکہ جنوبی مضافاتی علاقوں میں آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہوتے دکھائی دیے ہیں۔
یہ وہ علاقے ہیں جہاں حزب اللہ کا اثر و رسوخ ہے اور جو ایران کی حمایت کے باعث اسرائیلی حملوں کا مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔
دوسری جانب ایک روز قبل حزب اللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر راکٹ، ڈرون اور توپ خانے سے حملے کیے، جنہیں اس جنگ کے شدید ترین حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تقریباً 100 راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور رات بھر حملوں کا ایک نیا سلسلہ مکمل کیا۔
لبنانی حکام کے مطابق صرف آٹھ گھنٹوں کے دوران بیروت کے مرکزی حصے پر چار فضائی حملے کیے گئے، جن میں رہائشی اور تجارتی عمارات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان میں سے صرف ایک حملے سے قبل وارننگ جاری کی گئی، جبکہ دیگر حملے اچانک کیے گئے۔









