اہم ترین

لیگز کی چکاچوند : کھلاڑی قومی ٹیم سے دستبردار ہونے پر سوچ رہے ہیں : پیٹ کمنز

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے خبردار کیا ہے کہ بگ بیش لیگ کی پرائیوٹائزیشن کے تناظر میں اب کھلاڑی اپنی ترجیحات کے لیے قومی ٹیم کے مواقع سے دستبردار ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

ایک پوڈ کاسٹ میں پیٹ کمنز نے کہا کہ اس وقت ہمارے کھلاڑی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کے لیے تیار ہیں، لیکن ہمیشہ ایسا نہیں رہے گا۔ کھلاڑی اب اپنے کیریئر کے مالی پہلو کو بھی سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سمیت آسٹریلیا کے پانچ اہم ٹیسٹ پلیئرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک، کیمرون گرین اور ٹریوس ہیڈ آئی پی ایل میں اعلیٰ معاوضہ حاصل کرتے ہیں۔ اسی طرح وہ دی ہنڈریڈ میں بھی کمائی کر سکتے ہیں۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہم اپنے بہترین کھلاڑیوں کو طویل مدتی معاہدوں کے ذریعے آسٹریلیا کے لیے کھیلنے پر برقرار رکھیں۔

پیٹ کمینز نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو معاہدے کے مطابق سالانہ کنٹریکٹ اور اضافی اسکواڈ فیس، ٹیم فیس اور جیت کے بونس ملتے ہیں، لیکن پھر بھی وہ لیگز میں زیادہ معاوضہ کمانے کے مواقع کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں اور آئندہ 18 ماہ میں آسٹریلیا کے تقریباً 20 ٹیسٹ میچ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن کھلاڑی اب اپنی ترجیحات اور مالی مواقع کے درمیان انتخاب کرنے کے لیے زیادہ آزاد ہیں۔ اگر بگ بیش لیگ سمیت بین الاقوامی لیگز اس قسم کے مواقع فراہم کریں تو کھلاڑی آسٹریلیا کی ٹیم کے مقابلے میں وہاں زیادہ راغب ہوں گے۔

پاکستان