فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ پر شوکاز نوٹس مل گیا ہے۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن11 میں راولپنڈیز کا حصہ ہیں۔
گزشتہ روز نسیم شاہ کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے قذافی اسٹیڈیم میں وزیراعلی مریم نواز کو ملنے والے پروٹوکول پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پوسٹ کو بعد میں ڈیلیٹ کردیا گیا تھا اور کہا گیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوا جو اب ریکور کرلیا گیا ہے۔ لیکن پی سی بی نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
نسیم شاہ پی سی بی کے سینٹرل کانٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں شامل ہیں ۔ سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے۔
پی سی بی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شوکاز نوٹس پی سی بی کے ڈسپلنری فریم ورک کے تحت جاری کیا گیا ہے، نسیم شاہ کو مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئندہ کسی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں نسیم شاہ کا سینٹرل کانٹریکٹ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔










