اہم ترین

اسرائیل نے ایران کےحملے روکنے کے لئے اے آئی سسٹم کا استعمال بڑھادیا

اسرائیل نے ایران سے حالیہ جنگ کے دوران اپنے میزائل وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اے آئی کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

اےایف پی کے مطابق گزشتہ برس ایران کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران جب بھی کوئی میزائل داغا جاتا تو پورے شہر میں سائرن بج اٹھتے تھے، جس کے باعث شہریوں کو بار بار پناہ گاہوں میں جانا پڑتا تھا۔ تاہم اب یہ نظام زیادہ جدید ہو چکا ہے اور صرف متاثرہ علاقوں کو ہی الرٹ کیا جاتا ہے۔

تل ابیب میں شہریوں کے مطابق پہلے ہر الرٹ پورے شہر کے لیے ہوتا تھا، لیکن اب اگر میزائل کسی مخصوص حصے کی طرف آ رہا ہو تو صرف اسی علاقے کو وارننگ دی جاتی ہے، جس سے لوگوں کی روزمرہ زندگی نسبتاً آسان ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تبدیلی کے پیچھے اے آئی کا بڑا کردار ہے، جو لاکھوں ڈیٹا پوائنٹس کا تجزیہ کر کے میزائل کے راستے، رفتار اور ممکنہ ہدف کی پیشگوئی کرتا ہے۔

اسرائیلی دفاعی اداروں کے مطابق 2023 سے اب تک ملک پر 60 ہزار سے زائد میزائل، راکٹ اور ڈرون حملے ہو چکے ہیں، جن کے ڈیٹا کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پراسیس کیا جا رہا ہے تاکہ وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اسی مقصد کے لیے دفاعی کمپنی ایلبیٹ سسٹمز نے اسکائی آئی نامی نظام بھی متعارف کرایا ہے، جو بڑے علاقوں کی مسلسل نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اب شہریوں کو الرٹس دینے کے لیے اسمارٹ فون ایپس، سائرنز اور سیل براڈکاسٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے فوری اور جغرافیائی بنیادوں پر درست معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی مدد سے نہ صرف دفاعی نظام مضبوط ہوا ہے بلکہ شہریوں کی زندگیاں بھی زیادہ محفوظ اور منظم ہو گئی ہیں۔

پاکستان