اہم ترین

واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہِ راست مذاکرات طے

لبنان نے منگل کو امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں اسرائیل سے براہ راستمذاکرات کی تصدیق کردی ہے۔

ایران جنگ کے بعد شروع ہونے والی کشیدگی کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں لبنانی دارالحکومت بیروت شدید متاثر ہوا، جہاں ایک ہی دن میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جو اس تنازع کے آغاز کے بعد سب سے خونریز واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد بھی اسرائیلی کارروائیاں وقفے وقفے سے جاری رہیں اور حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔

بیروت حکومت اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ مذاکرات کی خواہاں ہے، اور ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کی طرز پر ایک مستقل سیز فائر چاہتی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف ہے کہ لبنانی حکومت حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی ذمہ داری قبول کرے، جیسا کہ نومبر 2024 کی مجوزہ جنگ بندی میں زیرِ غور آیا تھا۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ ایک مشکل ہدف ہے کیونکہ حزب اللہ طویل عرصے سے لبنان میں مضبوط عسکری قوت رکھتی ہے۔

اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والی کسی بھی جنگ بندی میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں روکنا شامل نہیں ہوگا، جس کے باعث خطے میں جاری سفارتی کوششیں پیچیدگی کا شکار ہو سکتی ہیں، خصوصاً وہ مذاکرات جو اسلام آباد میں جاری ہیں۔

واشنگٹن میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن کی ایک نئی کوشش سمجھے جا رہے ہیں، تاہم فریقین کے سخت مؤقف کے باعث کسی بڑی پیش رفت کے امکانات ابھی غیر یقینی دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان