ہندی سنیما کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنہ کا جادو آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ 60 اور 70 کی دہائی میں ان کا اسٹارڈم ایسا تھا کہ ان کی تقریباً ہر فلم سپرہٹ ثابت ہوتی تھی۔
18 جولائی 2012 کو ان کے انتقال کے بعد ایک ایسا راز سامنے آیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق جب راجیش کھنہ کے ممبئی میں واقع مشہور بنگلے آشیرواد میں موجود 64 بند سوٹ کیسز کھولے گئے تو سب دنگ رہ گئے۔
ان سوٹ کیسز میں قیمتی اور خوبصورت تحائف موجود تھے، جو وہ بیرونِ ملک سفر کے دوران اپنے دوستوں اور قریبی افراد کے لیے لاتے تھے۔ لیکن مصروف زندگی اور بھولنے کی عادت کے باعث وہ یہ تحائف کبھی دے نہ سکے۔
اس حیران کن واقعے کا ذکر راجیش کھنہ کی زندگی پر لکھی گئی کتاب ڈارک اسٹار: دی لونلی نیس آف بینگ راجیش کھنہ میں کیا گیا ہے۔
کتاب کے مطابق راجیش کھنہ نہایت جذباتی اور فیاض انسان تھے، لیکن اپنی بے پناہ شہرت کے باوجود اکثر تنہائی کا شکار رہتے تھے۔
راجیش کھنہ کی زندگی شہرت، محبت اور تنہائی کا ایک منفرد امتزاج تھی۔ ان کے چھوڑے گئے 64 سوٹ کیسز نہ صرف ایک ادھوری خواہش کی علامت ہیں بلکہ یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ایک سپر اسٹار کے دل میں اپنے چاہنے والوں کے لیے کتنی محبت تھی۔


