حسن علی کے لئے ٹی 20 بلاسٹ کے دروازے کھل گئے، یارک شائر کاؤنٹی سے معاہدہ

انگلش کاؤنٹی کلب یارک شائر نے پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی کو ویائٹیلٹی ٹی 20 بلاسٹ کے لیے سائن کرلیا ہے۔

حسن علی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور پاکستان کی نمائندگی 57 میچز میں کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دنیا بھر کی مختلف لیگز میں بھی کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے 2023 سے 2025 کے درمیان واروکشائر کاؤنٹی کے لیے کھیلتے ہوئے T20 بلاسٹ میں 44 وکٹیں 14.93 کی اوسط سے حاصل کیں، جبکہ اس وقت وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی بہترین فارم میں ہیں۔

یارک شائر ٹیم میں بنگلا دیشی بولر نوین الحق شامل تھے تاہم کندھے کی انجری کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور ہیڈنگلے میں اپنے معاہدے کو پورا نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ کاؤنٹی نے حسن علی کو غیر ملکی کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا ہے۔

حسن علی گروپ اسٹیج کے دوران مکمل دستیاب ہوں گے، جبکہ وہ دو کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز میں بھی شرکت کریں گے۔

کلب کے کرکٹ مینیجر گیون ہیملٹن کا کہنا ہے کہ اگرچہ نوین الحق کی عدم دستیابی مایوس کن ہے، تاہم حسن علی ایک بہترین متبادل ہیں اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔