جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسلامی بلاک کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں حالیہ ایران امریکا کشیدگی اور اس کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال، ممکنہ جنگ کے مضمرات اور امن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایرانی سفیر نے ایران کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم ان کے واضح اور جاندار موقف پر شکر گزار ہے۔ انہوں نے امریکی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان، خصوصاً عوام اور علماء کی حمایت کو قابل تحسین قرار دیا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کی میزبانی ایک اعزاز ہے، اور امید ظاہر کی کہ جنگ بندی ممکن ہو گی اور خطے میں مستقل امن قائم ہوگا۔
انہوں نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی بلاک کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جو ان کی جماعت کے منشور کا بھی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو اتحاد کے بغیر بار بار استعمال کیا جاتا رہے گا اور وہ اپنے وسائل پر مکمل اختیار حاصل نہیں کر سکیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے اسلامی ممالک کی خودمختاری کے احترام، فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کو ہر مسلمان کی ذمہ داری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کو متحد ہو کر مضبوط حکمت عملی کے ساتھ اپنے مسائل حل کرنے چاہئیں، جو موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایرانی سفیر نے مولانا کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف طبقات کے متوازن اور مضبوط ردعمل کو سراہا۔


