ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے دور میں اب سوشل میڈیا پر اپنی شناخت چھپانا پہلے جیسا آسان نہیں رہا۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق جدید اے آئی ماڈلز صرف آپ کی پوسٹس، کمنٹس اور آن لائن سرگرمیوں کو دیکھ کر آپ کی اصل شناخت تک پہنچ سکتے ہیں، وہ بھی بغیر نام، تصویر یا کسی ذاتی معلومات کے۔
یہ تحقیق اینتھروپک اور ایٹیایچ زیورخ کے ماہرین نے کی، جس میں ایک ایسا خودکار سسٹم تیار کیا گیا جو صارف کے تحریری انداز، دلچسپیوں، موضوعات اور دیگر باریک اشاروں کا تجزیہ کرتا ہے۔
یہ سسٹم کئی مراحل میں کام کرتا ہے۔ ان کی ابتدا صارف کی پوسٹس اور کمنٹس کے تجزیے سےہوتی ہے۔ لکھنے کا انداز اور دلچسپیوں کی پہچان کے بعد لوکیشن، تعلیم اور پیشے سے متعلق اشارے لئےجاتے ہیں۔ اور پھر ان معلومات کو عوامی ڈیٹا سے ملا کر ممکنہ شناخت تلاش کی جاتی ہے۔
ٹیسٹنگ کے دوران یہ اے آئی ماڈل ریڈاٹ اور لنکڈ ان جیسے پلیٹ فارمز پر ایک ہی شخص کے مختلف اکاؤنٹس کو آپس میں لنک کرنے میں کامیاب رہا۔
یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ فیک یا فرضی نام سے اکاؤنٹ بنانا اب مکمل طور پر محفوظ نہیں رہا۔ پوسٹس جتنی زیادہ ہوگی صارف کو پہچاننا اتنا ہی آسان ہوتا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اے آئی جہاں سہولت دے رہا ہے، وہیں پرائیویسی کے لیے ایک بڑا چیلنج بھی بنتا جا رہا ہے۔حکومتیں اس ٹیکنالوجی کو نگرانی کے لیے استعمال کر سکتی ہیں یا پھر ہیکرز صارفین کی تفصیلی پروفائلنگ کر سکتے ہیں۔


