کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے افریقی ملک کیمرون کے شہر دوالا میں ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امن، انصاف اور عدم تشدد کا پیغام دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق جاپوما اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار افراد شریک ہوئے، جنہوں نے پوپ کا والہانہ استقبال کیا۔ہزاروں عقیدت مند تو ایک دن پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے ۔
پوپ لیو نے اپنے خطاب میں انگریزی اور فرانسیسی زبانوں کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو مخاطب کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مایوسی اور بے اعتمادی کا شکار ہونے کے بجائے تشدد اور کرپشن کو یکسر مسترد کر دیں۔ تشدد اور غلط راستے آسان فائدے کا وعدہ تو کرتے ہیں لیکن یہ انسانی دل کو سخت کر دیتے ہیں۔کیمرون کی اصل دولت اس کی زمین نہیں بلکہ اس کے عوام کی اقدار، ایمان اور محنت ہے۔
اپنے دورے کے دوران پوپ نے کیمرون کے شورش زدہ علاقوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں ان عناصر کی مذمت کی جو اپنے سیاسی، معاشی یا فوجی مفادات کے لیے مذہب اور خدا کے نام کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب کو انسانیت کی فلاح کے لیے ہونا چاہیے نہ کہ جنگ و جدل کے لیے۔
پوپ لیو کا حالیہ دورہ افریقا امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔


