پاکستان تحریک انصاف کےبانی چیئرمین عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں ۤنکھوں کی تکلیف کا شکار ہوگئی ہے۔ جس پر انہیں راولپندی ہی کے نجی اسپتال منتقل کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی کو گزشتہ رات جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے دائیں آنکھ میں تکلیف اور بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی۔
اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ 16 اپریل کی شام انہیں راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ان کا ماہرین چشم سے معائنہ کرایا گیا، جس میں ان کی دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی۔ یہ ایک سنگین طبی مسئلہ ہوتا ہے جس میں آنکھ کی ریٹینا اپنی جگہ سے الگ ہو جاتی ہے، جس سے بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہےکہ سرجری سے پہلے تمام ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیے گئے۔ مریضہ نے آپریشن کے لیے باقاعدہ رضامندی دی۔ یہ سرجری معروف ماہر چشم ڈاکٹر ندیم قریشی اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔
حکام کےمطابق آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو ایک رات اسپتال میں رکھا گیا۔طبیعت تسلی بخش ہونے پر انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ بعد ازاں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹر کی ہدایات کےمطابق بشریٰ بی بی کا آئندہ دنوں میں فالو اپ اور مزید معائنہ جاری رہے گا تاکہ مکمل صحت یابی کو یقینی بنایا جا سکے۔


