آبنائے ہرمز دوبارہ بند: کرپٹوکرنسیوں کی قیمت میں بڑی گراوٹ

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے بند ہونے کی خبروں نے عالمی کرپٹو مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جمعہ کو قیمتوں میں اضافے کے بعد ہفتے کے روز بٹ کوائن کی قدر میں ایک بار پھر بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

جب ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا، تو بٹ کوائن کی قیمت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا تھا۔ کرپٹو ایکسچینج میں اس کی قدر 78000 ڈالر سے بھی بڑھ گئی تھی۔

ہفتے کے روز ایران کی جانب سے جہاز رانی کے لیے اس اہم بحری راستے کو دوبارہ بند کرنے کے اعلان نے مارکیٹ کا رخ موڑ دیا ہے۔

صرف بٹ کوائن ہی نہیں بلکہ دنیا کی دوسری بڑی کرنسی ایتھیریم میں بھی مندی دیکھی جا رہی ہے اور یہ 2,350 ڈالر کے آس پاس ٹریڈ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بٹ کوائن 126,198 ڈالر کی بلند ترین سطح پر تھا، جس کے مقابلے میں اب تک اس کی قدر میں 40 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہو چکی ہے۔

بلاک چین تجزیاتی فرموں کی رپورٹس میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ کچھ گروپ فوجی ڈرونز کی خریداری کے لیے کرپٹو کرنسی کا استعمال کر رہے ہیں، جس نے عالمی ریگولیٹرز کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔