اہم ترین

معاہدے کی خلاف ورزی: داسن شناکا کے لئے پی ایس ایل کے دروازے بند

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکن آل راؤنڈر داسن شناکا کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن (2027) میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ کھلاڑی کی جانب سے گزشتہ سیزن میں معاہدے کی خلاف ورزی اور ٹورنامنٹ سے اچانک دستبرداری کے بعد سامنے آیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق داسن شناکا اور لاہور قلندرز کے مابین معاہداتی پیش رفت کا جامع جائزہ لینے کے بعد یہ ثابت ہوا کہ کھلاڑی نے 21 مارچ 2026 کو ٹورنامنٹ سے یکطرفہ طور پر دستبرداری اختیار کی تھی۔ بورڈ نے اسے پلیئر رجسٹریشن کی شرائط اور سہ فریقی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ دستبرداری کے لیے پیش کردہ وجوہات معاہدے کے فریم ورک کے تحت قابلِ قبول نہیں تھیں۔

بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگرچہ کھلاڑی نے سماعت کے دوران اپنے رویے پر افسوس کا اظہار کیا، لیکن لیگ کی ساکھ اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضابطہ جاتی کارروائی ناگزیر تھی۔ اس فیصلے کے تحت شناکا اب ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

دوسری جانب داسن شناکا نے پی ایس ایل سے دستبرداری پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے مداحوں اور پاکستانی شائقین کو مایوس کرنے پر دلی معذرت چاہتے ہیں۔ ان کا ارادہ کسی دوسری لیگ میں شرکت کرنا نہیں تھا اور وہ مستقبل میں دوبارہ اس معتبر ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔

پاکستان