عرب ٹی وی الجزیرہ نے پاکستانی حکومتی ذرائع ک حوالے سےدعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں جاری امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ایک بڑی پیش رفت کا قوی امکان ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک وفد کے ہمراہ آج رات پاکستانی دارالحکومت پہنچ رہے ہیں۔
اس دورے سے قبل انہوں نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے ثالثی کے حوالے سے پاکستان کے مستقل اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ عباس عراقچی نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی ہے، تاہم پاکستانی حکام یا فوج کے ترجمان ادارے نے اس کی باقاعدہ تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں امریکہ کے کم از کم نو طیارے اسلام آباد پہنچے تھے، جن کے ذریعے مواصلاتی آلات، گاڑیاں اور تکنیکی عملہ منتقل کیا گیا تھا، جو ان اہم مذاکرات کی تیاریوں کا حصہ معلوم ہوتے ہیں۔











