روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے عباس عراقچی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ روس مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سینٹ پیٹرس برگ میں ہوئی، جہاں صدر پوٹن نے کہا کہ ماسکو خطے کے استحکام اور عوام کے مفاد میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ایسی ہر کوشش کا حصہ بنے گا جو جلد از جلد امن کے قیام میں مدد دے سکے۔
ملاقات کے دوران پوٹن نے ایرانی عوام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنی خودمختاری کے لیے ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ روس خطے میں کشیدگی کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے سنجیدہ ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان دیرینہ دفاعی اور سفارتی تعلقات موجود ہیں، جو مشکل وقت میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر سفارتی کوششیں تیز ہو چکی ہیں۔


