پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل مہمان ٹیم آسٹریلیا کو اس وقت شدید دھچکا لگا ہے جب ان کے قائم مقام کپتان مچل مارش ٹخنے کی شدید انجری کے باعث پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ مچل مارش کی عدم دستیابی کے بعد اب وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس پاکستان کے خلاف اس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ جیسے اسٹار کھلاڑیوں کے آئی پی ایل پلے آف میں مصروف ہونے کے باعث آسٹریلیا کی پہلے سے کمزور ٹیم اب کپتان مارش سے بھی محروم ہو گئی ہے۔
چل مارش آئی پی ایل 2026 میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی نمائندگی کر رہے تھے اور انہوں نے آخری میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔ وہ 19 مئی کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوئے تھے جہاں سے انہیں پاکستان آنا تھا، تاہم پرانی انجری کے دوبارہ ابھرنے کے باعث وہ پاکستان نہ آ سکے۔ مچل مارش کی 9 جون سے شروع ہونے والے دورہ بنگلا دیش (3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز) میں شرکت بھی اب شدید شکوک و شبہات کا شکار ہے۔
پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کی عدم موجودگی کے باعث سلیکٹرز کو جوش انگلس کو کپتانی سونپنی پڑی ہے، جو آسٹریلیا کے چوتھے چوائس کے کپتان ہیں۔ انگلس اس سے قبل نومبر 2024 میں پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں قیادت کر چکے ہیں۔ اگر انگلس بھی کسی میچ میں دستیاب نہ ہوئے تو ایلکس کیری کپتانی کے متبادل آپشن ہوں گے۔ آسٹریلوی ٹیم اس دورے میں اپنے اسٹار بولرز مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کی خدمات سے بھی محروم ہے۔ مچل مارش کے متبادل کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم کوپر کونولی کو جلد پاکستان بلائے جانے کا امکان ہے۔
مچل مارش کی حالیہ آئی پی ایل فارم انتہائی شاندار تھی جہاں انہوں نے اپنی آخری چار اننگز میں 111، 10، 90 اور 96 رنز بنائے تھے، اس لیے ان کا باہر ہونا آسٹریلیا کے لیے بیٹنگ میں بہت بڑا نقصان ہے۔ ٹریوس ہیڈ کی غیر موجودگی میں اب آسٹریلیا کو متیھو شارٹ کے ساتھ ایک نئے اوپنر کی تلاش ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایلکس کیری کو اوپننگ پر پروموٹ کیا جا سکتا ہے تاکہ 19 سالہ نئے کھلاڑی اولی پیک کو مڈل آرڈر میں ڈیبیو کا موقع مل سکے۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مڈل آرڈر کمبی نیشن کو جانچنا چاہتے ہیں اور گلین میکسویل کے مستقل متبادل کے طور پر آل راؤنڈر کیمرون گرین کو اس سیریز کے دوران مڈل آرڈر میں مختلف پوزیشنز پر آزمائیں گے۔
پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کا ون ڈے اسکواڈ جوش انگلس (کپتان)، ایلکس کیری، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، میتھیو کونیمین، مارنس لبوشین، رائلے میریڈتھ، اولی پیک، میتھیو رینشا، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، میتھیو شارٹ، بیلی اسٹین لیک اور ایڈم زیمپا پر مشتمل ہے۔


