کرکٹ وکٹوریہ کا نیا عالمی منصوبہ، ڈیوڈ ہسی کو بڑی ذمہ داری مل گئی

سابق آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ ہسی نے آسٹریلوی صوبے وکٹوریہ کی مینز کرکٹ کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اب وہ ایک نئے عالمی منصوبے میں اہم کردار ادا کریں گے، جسے کرکٹ وکٹوریہ ہی آئندہ چند ہفتوں میں لانچ کرنے جا رہی ہے۔

کرک انفو کے مطابق ڈیوڈ ہسی اگست 2022 سے وکٹوریہ کی مینز کرکٹ کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبارہے تھے۔ اس دوران انہوں نے وکٹوریہ کے مینز کرکٹ پروگرام، ٹیم سلیکشن اور ہائی پرفارمنس سسٹم کی نگرانی کی ۔ اس سے قبل وہ بگ بیش فرنچائز میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

ڈیوڈ ہسی کا وکٹوریہ کے ساتھ ایک شاندار فرسٹ کلاس کیریئر رہا۔ انہوں نے 87 شیفیلڈ شیلڈ میچز کھیلے، تین شیلڈ ٹائٹلز جیتے اور 21 مرتبہ ٹیم کی قیادت بھی کی۔

ان کی انتظامی مدت میں وکٹوریہ نے دو مرتبہ شیفیلڈ شیلڈ فائنل (2022-23 اور 2025-26) جبکہ ایک مرتبہ ون ڈے کپ فائنل (2024-25) تک رسائی حاصل کی، اگرچہ ٹیم کوئی ٹرافی جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تاہم انہوں نے نوجوان اور مقامی وکٹورین کھلاڑیوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی، جسے مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

کرکٹ وکٹوریہ کے جنرل منیجر کرکٹ پرفارمنس گراہم مانوو نے ہسی کی خدمات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوڈ کا تنظیم اور وکٹورین کرکٹ کمیونٹی پر اثر ناقابلِ فراموش ہے۔ ان کی کھیل سے محبت، بہترین کارکردگی کے عزم اور کھلاڑیوں کی ترقی کے وژن نے مردوں کے ہائی پرفارمنس پروگرام کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وکٹوریہ نے ہیڈ کوچ کرس راجرز کے معاہدے میں مزید دو سال کی توسیع کی ہے، تاکہ ٹیم طویل عرصے سے منتظر شیفیلڈ شیلڈ ٹائٹل جیتنے کے خواب کو پورا کر سکے۔