پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 مئی سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے 2 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جبکہ تیسرا اور آخری میچ 4 جون کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی جوش انگلس کے سپرد ہوگی۔ راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تاریخ کا ایک ہزارواں ایک روزہ میچ ہوگا، جو قومی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

پاکستان نے اپنا پہلا ون ڈے میچ 1973 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلا تھا۔ قومی ٹیم اب تک 999 ون ڈے میچز کھیل چکی ہے جن میں 527 میں کامیابی جبکہ 442 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 9 میچز برابر رہے جبکہ 21 میچز کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 111 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا کو واضح برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے 71 جبکہ پاکستان نے 36 میچز جیتے، تین میچز بے نتیجہ اور ایک ٹائی ہوا۔

تاہم حالیہ باہمی ون ڈے سیریز میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2022 میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران قومی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی، جبکہ نومبر 2024 میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی سیریز میں بھی پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2-1 سے شکست دی تھی۔