حج نے روح میں ایسی چنگاری روشن کردی جو ہمیشہ جلتی رہے گی: وسیم اکرم

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے حجِ بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفر ان کا ذاتی اور روحانی فیصلہ تھا۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ بعض حلقوں میں ان کے حج کے سفر سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے یہ مقدس فریضہ اپنی ذاتی خواہش اور روحانی احساس کے تحت ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دل میں ایک ایسی روحانی کیفیت پیدا ہوئی جس نے حج کی ادائیگی کو ضروری بنا دیا۔ وسیم اکرم کے مطابق اس مقدس سفر نے ان کی روح میں ایک نئی روشنی اور الٰہی جذبہ پیدا کیا ہے جو ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

سابق قومی کپتان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دیگر مسلمانوں کو بھی حج کی سعادت نصیب فرمائے اور وہ بھی اس روحانی تجربے سے فیض یاب ہوں۔

وسیم اکرم کے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔