بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے مبینہ طور پر فلم ’’ڈان 3‘‘ کے تنازع میں رنویر سنگھ اور فرحان اختر کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان، جو رنویر سنگھ اور فرحان اختر دونوں کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، نے دونوں شخصیات سے الگ الگ رابطہ کیا اور انہیں اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مشورہ دیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان نے فرحان اختر کو سمجھانے کی کوشش کی کہ فلمی صنعت میں تخلیقی اختلافات معمول کی بات ہیں، جبکہ رنویر سنگھ سے بھی تفصیلی گفتگو کرکے ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق سلمان خان چاہتے ہیں کہ تنازع کسی بھی فریق کے مستقبل کے منصوبوں کو متاثر نہ کرے۔
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب رپورٹس سامنے آئیں کہ ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز فیڈریشن (ایف ڈبلیو آئی سی ای ) نے رنویر سنگھ کے خلاف نان کوآپریشن ڈائریکٹو (این سی ڈی) جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کے ’’ڈان 3‘‘ سے علیحدہ ہونے کے باعث پروڈکشن ہاؤس ایکسل انٹرٹینمنٹ کو تقریباً 45 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوا۔
رپورٹس کے مطابق فرحان اختر نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ بطور ہدایتکار فلم کی پری پروڈکشن شروع ہو چکی تھی اور انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات اسی منصوبے کے مطابق ترتیب دی تھیں، جس کے باعث انہیں بھی نقصان اٹھانا پڑا۔
ایف ڈبلیو آئی سی ای کے صدر بیرندر ناتھ تیواری نے مبینہ طور پر کہا کہ نان کوآپریشن نوٹس فوری طور پر نافذ العمل ہے اور تنظیم کے اراکین رنویر سنگھ کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔
دوسری جانب رنویر سنگھ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اداکار نے جان بوجھ کر اس معاملے پر خاموشی اختیار کی کیونکہ وہ پیشہ ورانہ اور ذاتی معاملات کو وقار اور سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مختلف قیاس آرائیوں کے باوجود رنویر سنگھ نے عوامی سطح پر ردعمل دینا مناسب نہیں سمجھا اور وہ اپنی آئندہ فلمی مصروفیات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اداکار تمام متعلقہ افراد کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور ’’ڈان‘‘ فرنچائز کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
تاہم سلمان خان کی مبینہ ثالثی یا دونوں فریقوں کے درمیان کسی باضابطہ مفاہمت کی ابھی تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔


