اہم ترین

چیٹ جی پی ٹی اب بنے گا آپ کا ذاتی مالی معاون، کرے گا اخراجات اور بچت کی نگرانی

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا پرسنل فنانس فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین اپنے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز، قرضوں اور دیگر مالیاتی کھاتوں کو محفوظ طریقے سے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ منسلک کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت فی الحال امریکا میں چیٹ جی پی ٹی پرو صارفین کے لیے پری ویو ورژن میں دستیاب ہے۔

کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے اخراجات، بچت، سبسکرپشنز، قرضوں اور نقدی کی آمد ورفت کو بہتر انداز میں سمجھنے اور منظم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ صارفین چیٹ جی پی ٹی سے اپنے مالی معاملات کے بارے میں سوالات پوچھ سکتے ہیں اور اپنی حقیقی مالی صورتحال کی بنیاد پر رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

نئے فیچر کے تحت چیٹ جی پی ٹی صارف کے اخراجات کے رجحانات، فعال سبسکرپشنز، آنے والی ادائیگیوں، سرمایہ کاری اور قرضوں کا خلاصہ پیش کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بجٹ سازی، بچت کے اہداف مقرر کرنے اور مالی عادات کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز بھی فراہم کرتا ہے۔

اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ نظام صرف ریڈ اونلی رسائی فراہم کرتا ہے۔ یعنی چیٹ جی پی ٹی صارف کے اکاؤنٹس سے رقم منتقل نہیں کر سکتا، کوئی ادائیگی انجام نہیں دے سکتا اور نہ ہی اکاؤنٹ میں تبدیلی کر سکتا ہے۔ اس کا کردار صرف معلومات کا تجزیہ اور رہنمائی فراہم کرنے تک محدود ہے۔

تاہم ماہرین نے صارفین کو اپنی مالیاتی معلومات شیئر کرتے وقت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ اگرچہ اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ صارفین اپنے اکاؤنٹس کسی بھی وقت منقطع کر سکتے ہیں اور اپنے ڈیٹا پر کنٹرول برقرار رکھتے ہیں، پھر بھی بعض ماہرین اور صارفین نے رازداری اور ڈیٹا سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق یہ فیچر ابتدائی مرحلے میں محدود صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے اور مستقبل میں اسے مزید صارفین تک توسیع دی جا سکتی ہے۔

پاکستان