شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانہ کی فلم کاک ٹیل 2 کا ٹریلر جاری

ممبئی: بالی وڈ کی متوقع رومانوی فلم ’کاک ٹیل 2‘ کا باضابطہ ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانہ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’کاک ٹیل‘ کی نئی کڑی ہے، جس کی اصل فلم میں سیف علی خان، دیپیکا پڈوکون اور ڈیانا پینٹی نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

تین منٹ سے زائد دورانیے کے ٹریلر میں محبت، دوستی اور جذباتی کشمکش پر مبنی کہانی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ آغاز میں شاہد کپور کا کردار رشتوں کی پیچیدگیوں پر گفتگو کرتا ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ محبت اور دوستی کے درمیان حد فاصل ختم ہو جائے تو معاملات الجھ جاتے ہیں۔

کہانی میں کریتی سینن کا کردار ہلکے پھلکے انداز میں ایک ’’لو ٹرائینگل‘‘ کا ذکر کرتا ہے، جو فلم کے مرکزی موضوع کی طرف اشارہ دیتا ہے۔ ابتدائی مناظر میں شاہد اور کریتی کے درمیان گہری قربت دکھائی جاتی ہے، تاہم شاہد کا کردار یہ واضح کرتا ہے کہ ان کے تعلق کی نوعیت روایتی محبت جیسی نہیں۔

رشمیکا مندانہ کی انٹری کے ساتھ کہانی نیا رخ اختیار کر لیتی ہے۔ وہ شاہد کپور کے ساتھ رومانوی تعلق میں دکھائی دیتی ہیں اور ایک منظر میں انہیں شادی کی پیشکش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹریلر آگے بڑھنے کے ساتھ تینوں کرداروں کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہوتے جاتے ہیں۔ کریتی سینن کا ایک مکالمہ، جس میں وہ ہر رشتے کی ایک ’’ایکسپائری ڈیٹ‘‘ ہونے کی بات کرتی ہیں، کہانی میں آنے والے تنازعات کا پیش خیمہ ثابت ہوتا ہے۔

دوستی اور محبت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اس وقت مزید نمایاں ہو جاتی ہے جب رشمیکا اور کریتی کے کردار آمنے سامنے آ جاتے ہیں۔ دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اور بڑھتی ہوئی ناراضی اس بات کا عندیہ دیتی ہے کہ شاہد کپور کا کردار ان کے تعلقات میں اہم تبدیلی کا سبب بنے گا۔

ٹریلر کے اختتامی حصے میں جذباتی تنازع شدت اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، جبکہ شاہد کپور کا منفرد مکالمہ ’’میں ہیرا نہیں، کوہِ نور ہوں‘‘ ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے۔

دوسری جانب فلم کا گانا ’مشوقہ‘ بھی پہلے ہی شائقین میں مقبولیت حاصل کر چکا ہے، جس میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے درمیان بڑھتی قربت کو دلکش ساحلی مناظر کے پس منظر میں پیش کیا گیا ہے۔ گانے نے فلم کے بارے میں مداحوں کی دلچسپی اور توقعات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔