اہم ترین

آبنائے ہرمز پر ایران نے کوئی ٹول ٹیکس نہیں مانگا، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی اور بین الاقوامی بحری جہازوں پر کسی قسم کا ٹول، اضافی فیس یا انشورنس چارج عائد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ایران کی جانب سے دی گئی یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں زور دے کر کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے نہ کوئی ٹول وصول کیا جا رہا ہے، نہ انشورنس اخراجات مانگے جا رہے ہیں اور نہ ہی کسی اور قسم کی مالی ادائیگی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں آبنائے ہرمز کے مستقبل، بحری سلامتی اور ممکنہ ٹرانزٹ فیسوں کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایران نے امریکہ کو واضح طور پر بتایا ہے کہ ایسی کوئی پالیسی زیر غور نہیں۔

ٹرمپ نے ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کو کوئی نئی رقم فراہم نہیں کی اور نہ ہی براہ راست کوئی مالی وسائل تہران کے حوالے کیے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ ایران کے وہ فنڈز جو امریکی کنٹرول میں ہیں، ان کا ایک حصہ ایرانی عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

صدر کے مطابق ان فنڈز کے ذریعے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر زرعی اجناس خریدی جائیں گی، جبکہ یہ تمام اشیا صرف امریکہ سے حاصل کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں خوراک کی شدید ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے یہ انتظام کیا جا رہا ہے۔

پاکستان