اہم ترین

بلوچستان میں فورسز کا آپریشن شعبان: ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 91 ہوگئی

بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ “آپریشن شعبان” کامیابی سے جاری ہے، جہاں پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس کی کارروائیوں کے دوران مزید تین دہشتگردوں کے مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دشوار گزار علاقوں میں موجود دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید تین خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 خارجی دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور آپریشن شعبان آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں امن کو یقینی بنانا اور ملک دشمن عناصر کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہے۔

پاکستان