جنگ بندی کے باوجود غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں سے نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں میں تین فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے جبکہ ایک زخمی شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت نے 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران اب تک کم از کم 73 ہزار 250 فلسطینیوں کے شہید اور ایک لاکھ 73 ہزار 751 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
گزشتہ برس طے پانے والی جنگ بندی کے بعد بھی جاری حملوں میں اب تک کم از کم ایک ہزار 127 فلسطینی جاں بحق اور 3 ہزار 643 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ میں مسلسل حملوں کے باعث انسانی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر تباہی، بنیادی سہولیات کی کمی اور طبی نظام پر دباؤ کے باعث متاثرہ آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عالمی ادارے اور امدادی تنظیمیں بارہا غزہ میں شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کر چکی ہیں، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیاں سکیورٹی خدشات اور مسلح گروہوں کے خلاف کی جا رہی ہیں، جبکہ فلسطینی حکام ان حملوں کو شہری آبادی کے خلاف کارروائیاں قرار دیتے ہیں۔











