سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران متعدد مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اسی آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا، جو دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔










