امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد امیدوار جے کلیٹن کو ملک کا نیا انٹیلی جنس چیف مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی ایوان بالا سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری میں جے کلیٹن کے حق میں 51 جبکہ مخالفت میں 47 ووٹ ڈالے گئے، تمام ڈیموکریٹ سینیٹرز نے ان کی تقرری کی مخالفت کی۔
جے کلیٹن سابق ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جنہوں نے گزشتہ ماہ استعفیٰ دیا تھا۔ ان کے سپرد اٹھارہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کی نگرانی ہوگی، جو حالیہ مہینوں میں قیادت کی تبدیلیوں اور عملے میں کٹوتیوں کے باعث دباؤ کا شکار رہے ہیں۔
امریکی میڈیا اور تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صدر ٹرمپ ایک بار پھر 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے بے بنیاد دعوے دہرا رہے ہیں، جس پر ڈیموکریٹس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں پر سیاسی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
تقرری کی سماعت کے دوران جے کلیٹن نے 2020 کے انتخابی نتائج سے متعلق سوالات کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا، جس پر ڈیموکریٹ رہنماؤں نے ان کی غیر جانبداری پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ ریپبلکن رہنماؤں نے انہیں قومی سلامتی کے معاملات میں تجربہ کار اور مؤثر انتخاب قرار دیا۔











