پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر مائیکل اسمتھ کو پاکستان مردانہ کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ 46 سالہ مائیکل اسمتھ ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں ہی فارمیٹس میں قومی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق مائیکل اسمتھ کو دو سال کے معاہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ وہ 19 اگست سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
مائیکل اسمتھ نے 2003 سے 2013 کے دوران 89 فرسٹ کلاس، 72 لسٹ-اے اور 16 ٹی 20 میچز کھیلے۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 7029 رنز بنائے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
وہ لیول 4 کی اعلیٰ ترین کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ وہ پاکستان سپر لیگ کی تین نامور فرنچائزز—اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔
مائیکل اسمتھ آسٹریلیا کی ہوبارٹ ہریکینز، کرکٹ تسمانیہ، اور جنوبی افریقا کی کے زیڈ این انلینڈ اور ایسٹرن پروونس کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ اور کنسلٹنٹ کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔











