عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ شادی کرلی، تقریب پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں منعقد ہوئی جس میں جوڑے کے پانچوں بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو اور جارجینا نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی انگوٹھیوں کی تصویر شیئر کی۔ دونوں نے پوسٹ میں اپنے ناموں کے ابتدائی حروف ’’C‘‘ اور ’’G‘‘ کے درمیان دل کا نشان بنا کر نئی زندگی کے آغاز کا اعلان کیا۔
پرتگالی فٹبال اسٹار اور جارجینا کی پہلی ملاقات میڈرڈ میں ہوئی تھی۔ دونوں 2016 سے ایک ساتھ ہیں، جبکہ 2017 میں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے تعلق کو عوامی سطح پر تسلیم کیا تھا۔
جوڑے نے اسی سال سوشل میڈیا پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر کرنا شروع کیں۔ جون 2017 میں ان کے ہاں جڑواں بچوں ایوا ماریا اور میٹیو کی پیدائش ہوئی، جبکہ اسی سال نومبر میں ان کی بیٹی الانا بھی دنیا میں آئی۔
رونالڈو کا بڑا بیٹا کرسٹیانو جونیئر بھی ہے۔ اپریل 2022 میں رونالڈو اور جارجینا کو اس وقت ایک بڑے صدمے سے گزرنا پڑا جب ان کے جڑواں بیٹے اینجل کا انتقال ہوگیا، تاہم اسی دوران ان کی جڑواں بیٹی بیلا کی پیدائش ہوئی۔
دونوں نے اس وقت مشترکہ بیان میں بیٹے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹی کی پیدائش نے انہیں اس مشکل گھڑی میں امید اور خوشی کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
رونالڈو کی شادی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ اپنے کلب النصر کے نئے سعودی پرو لیگ سیزن کے آغاز کی تیاری کر رہے ہیں۔ پرتگالی اسٹار نے اپنے شاندار کیریئر میں اسپورٹنگ، مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس، النصر اور پرتگال کی نمائندگی کی ہے اور تقریباً ایک ہزار گول اسکور کرچکے ہیں۔
حالیہ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد رونالڈو نے مردوں کے ورلڈ کپ فائنلز میں سب سے زیادہ شرکت کے حوالے سے لیونل میسی کے ساتھ مشترکہ ریکارڈ بھی قائم کیا۔










