اہم ترین

روس یوکرین جنگ: ایک ہی رات میں بڑے فضائی حملے، کیف سے ماسکو تک دھماکے

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ یوکرینی فوج کے مطابق اس نے روس کے روستوف خطے میں میزائلوں کے لیے ایندھن تیار کرنے والی ایک تنصیب کو رات گئے نشانہ بنایا، جہاں راکٹ اور مختلف میزائل نظاموں کے لیے ٹھوس ایندھن تیار کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں شہر کے کم از کم دو علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی ہوا جبکہ ملبہ گرنے سے کئی گاڑیوں اور دیگر مقامات پر آگ لگ گئی۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ روس نے صرف ایک ہفتے کے دوران یوکرین پر 1,550 سے زائد حملہ آور ڈرونز اور تقریباً 1,560 گائیڈڈ ایئر بم استعمال کیے۔

ادھر روسی حکام کے مطابق یوکرین نے ماسکو کے علاقے پر رات بھر تقریباً 600 ڈرونز بھیجے، جن میں سے 201 کو ماسکو ریجن میں مار گرایا گیا۔ حملوں میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

جنگ کا دائرہ روسی سرحدوں سے باہر بھی پھیلتا دکھائی دیا۔ نیٹو کے ایک ترجمان کے مطابق رومانیہ کی فضائی حدود میں مار گرایا جانے والا ڈرون بظاہر روسی تھا۔ رومانیہ کی وزارت دفاع نے بتایا کہ یوکرین اور مالدووا کی سرحد کے قریب فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرون کو نیٹو ڈیوٹی پر تعینات اسپین کے ایف-18 جنگی طیارے نے مار گرایا۔

روس کی وزارت دفاع نے دوسری جانب دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے مشرقی دونیسک خطے میں پرشوماریوکا اور شمال مشرقی خارکیف خطے میں کودیئیوکا نامی دیہات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

روسی حملوں کے جواب میں یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں میں تیزی نے جنگ کے نئے مرحلے کے خدشات پیدا کردیے ہیں، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کے فوجی اور صنعتی اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان