ایجبسٹن ٹیسٹ میں بھی پاکستانی بیٹرز کا ’تُو چل میں آیا‘: پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر

انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں بھی پاکستانی بیٹرز کی ڈگر نہ بدلی، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تو چل میں آیا کی مصداق آتے اور آؤٹ ہوتے رہے۔

سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ رضا اللّٰہ 11 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

اوپنر صائم ایوب صفر، اذان اویس 9، عبداللّٰہ شفیق 3، شان مسعود 5، کپتان بابر اعظم 7، غازی غوری 4 اور محمد عمران 5 رنز بناکر پویلین لوٹے ہیں۔

انگلینڈ کے جوش ٹنگ 4 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ اولی روبنسن اور جوفرا آرچر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 3 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔ وکٹ کیپر غازی غوری، فاسٹ بولر رضا اللّٰہ اور عمران رندھاوا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔