ویمنز ہاکی جونیئر ایشیا کپ : پاکستان کو کوارٹر فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 0-19 سے شکست

ویمنز ہاکی جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 19-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

چین کے شہر موکی میں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم ابتدا ہی سے مکمل طور پر چھائی رہی اور پاکستان کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ بھارت نے پہلے دو کوارٹرز میں ہی 10 گول کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

بھارتی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلے کوارٹر میں 5 اور دوسرے کوارٹر میں بھی 5 گول کیے۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے کچھ مزاحمت دکھائی، جس کے باعث بھارت صرف 3 مرتبہ گیند جال میں پہنچا سکا۔

تاہم آخری کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر بھرپور حملے کیے اور مزید 6 گول اسکور کرکے پاکستان کی مشکلات بڑھا دیں۔

بھارت کی جانب سے پوجا ملک سب سے نمایاں کھلاڑی رہیں، جنہوں نے تین گول اسکور کیے۔ ان کے علاوہ چندرکانت سانیکا مانے، مدھو سیدار، سپریا اور ایند روشنی نے دو، دو گول کیے۔

بھارت کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی 19-0 کی بڑی فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔

بھارت کے 19 گولز میں 7 گول پینالٹی کارنر کے ذریعے کیے گئے، جبکہ 2 گول پینالٹی اسٹروکس پر ہوئے۔ بھارتی ٹیم نے 11 فیلڈ گول بھی اسکور کیے۔

اس شاندار کامیابی کے بعد بھارتی جونیئر خواتین ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں اس کا مقابلہ ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے فاتح سے ہوگا۔