گیپکو کی نجکاری : 9 بڑے کاروباری گروپس اہل قرار، کے الیکٹرک دستبردار

اسلام آباد: نجکاری کمیشن بورڈ نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) سمیت مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لئے اہم فیصلے کرلئے۔۔۔

وزیر اعظم کے مشیر محمد علی کی زیرِ صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری سمیت مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

بورڈ نے گیپکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے موصول ہونے والی 11 درخواستوں میں سے 9 کمپنیوں اور کاروباری گروپس کو پری کوالیفائی کرلیا۔

پری کوالیفائی ہونے والے گروپس میں ترکیہ کی تین بڑی توانائی کمپنیاں ایکٹور الیکٹرک، گینویرا انرجی اور چنگیز انرجی شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے اینگرو انرجی، حب پاور، سفائر، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور اے کے ڈی سیکورٹیز نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کے الیکٹرک نجکاری کی دوڑ سے باہر

گیپکو کی نجکاری کے عمل میں کے الیکٹرک نے اپنی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی ہے، جس کے بعد کمپنی اس مسابقتی عمل کا حصہ نہیں رہی۔

دوسری جانب الشریف کنٹریکٹنگ مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث وہ پری کوالیفکیشن مرحلے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفائی ہونے والی 9 کمپنیاں اب جلد ورچوئل ڈیٹا روم کے ذریعے گیپکو کے معاملات، مالی صورتحال، اثاثوں، آپریشنز اور دیگر متعلقہ معلومات کا جائزہ لینے کے لیے ڈیو ڈیلیجنس کے مرحلے میں داخل ہوں گی۔

گیپکو کی نجکاری کا پس منظر کیا ہے؟

گیپکو ان سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں شامل ہے جنہیں حکومت نجکاری پروگرام کے تحت نجی شعبے کو منتقل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

اس عمل کا مقصد بجلی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری لانا، انتظامی کارکردگی بہتر بنانا اور تقسیم کار کمپنیوں کے مالی و آپریشنل مسائل کم کرنا ہے۔

گیپکو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کی تقسیم کا نظام چلاتی ہے۔

ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ

نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے تینوں بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔

حکومت پہلے ہی بڑے ہوائی اڈوں کے انتظام اور آپریشنز میں نجی شعبے کی شمولیت کے امکانات پر کام کررہی ہے۔ آؤٹ سورسنگ کا مقصد ہوائی اڈوں کی انتظامی کارکردگی، سہولیات اور آمدن میں بہتری لانا اور نجی شعبے کی مہارت سے فائدہ اٹھانا ہے۔

زیڈ ٹی بی ایل اور ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری

نجکاری کمیشن بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل ) کی نجکاری کا عمل بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بورڈ نے دونوں اداروں کے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو ہدایت کی ہے کہ نجکاری سے متعلق معاملات کو فاسٹ ٹریک کیا جائے تاکہ ان اداروں کی نجی کاری کے مراحل جلد مکمل کیے جاسکیں۔