حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

انڈیپنڈنٹ عربیہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے مقدس مقامات پر حملوں کے حوالے سے پاکستانی عوام، سیاسی قیادت اور عسکری قیادت میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف پہلے ہی سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے واضح کیا جاچکا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری فوجی کشیدگی پر زور دیا کہ تنازعات کو مزید بڑھانے سے کسی فریق کو فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق خطے میں تصادم کے دائرے کو وسیع کرنے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مذاکراتی کوششیں ناکام ہوتی ہیں اور فوجی تصادم کی صورت پیدا ہوتی ہے تو مکہ الائنس کا اجتماعی دفاعی بازدار نظام حرکت میں آسکتا ہے۔ ان کے مطابق اتحاد کی قیادت اور حکمتِ عملی واضح ہے اور اس کے عزائم جارحانہ نہیں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اپنے عوام سمیت پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ مسلمانوں کو باہمی لڑائیوں میں الجھنے کے بجائے اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مکہ الائنس کا مقصد کسی مخصوص ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں، بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا ہے