ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ ایئر مارشل ٹونی ڈیوس نے دورانِ کمانڈ ایک نامناسب تعلق کو ظاہر نہ کرنے کے معاملے پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
نیوزی لینڈ ڈیفنس فورس کے مطابق ایئر مارشل ٹونی ڈیوس کا استعفیٰ جمعہ، 23 اکتوبر 2026 کو سامنے آیا۔
ٹونی ڈیوس نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں ان سے ایسی غلطیاں ہوئیں، جو ڈیفنس فورس کی اقدار کے خلاف تھیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جب وہ ایک یونٹ کی کمان سنبھال رہے تھے تو ان کا ایک نامناسب تعلق تھا، جس کے بارے میں انہوں نے بروقت متعلقہ حکام کو آگاہ نہیں کیا۔
انہوں نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ تاہم، حکام نے تعلق کی نوعیت یا اس میں شامل دوسرے فرد کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔
نیوزی لینڈ کے وزیر دفاع پال گولڈ اسمتھ نے کہا کہ غیر ظاہر کیے گئے معاملات کے باعث ڈیوس کا اپنے عہدے پر برقرار رہنا اب ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے ان کی 42 سالہ فوجی خدمات کا اعتراف کیا، تاہم استعفے کے حالات پر مایوسی کا اظہار کیا۔
معاملے کو مزید تحقیقات کے لیے انسپکٹر جنرل آف ڈیفنس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ٹونی ڈیوس نے 1984 میں نیوزی لینڈ کی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور جون 2024 میں دفاعی افواج کے سربراہ مقرر ہوئے تھے۔
ان کے استعفے کے بعد نائب سربراہ ریئر ایڈمرل میٹ ولیمز کو قائم مقام سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں۔ اس دوران فوج کی قیادت کی منتقلی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔


