لندن: برطانوی پولیس نے روس کے لیے مبینہ جاسوسی کے شبہے میں امریکی فوج کے ایک 41 سالہ اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار فوجی پر برطانیہ کے قومی سلامتی قوانین کی خلاف ورزی، حساس معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے اور کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کے شبہات ہیں۔
برطانوی اور امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں، امریکی فوج اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مشترکہ تعاون سے عمل میں آئی۔
گرفتاری 10 نومبر کو انگلینڈ کے علاقے گلوسٹر کے قریب عمل میں آئی۔ پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی اور وہ تاحال لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں زیر حراست ہے۔
حساس فوجی معلومات تک رسائی رکھنے والا اہلکار
اس معاملے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ امریکی فوجی اہلکار کو ایک سینئر فوجی قرار دیا گیا ہے اور امریکی فوجی کاؤنٹر انٹیلی جنس کمانڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن کے مطابق اسے حساس معلومات تک رسائی حاصل تھی۔
مختلف امریکی اور برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اہلکار نیٹو کے الائید ریپیڈ ری ایکشن کور سے وابستہ تھا، جس کا ہیڈکوارٹر گلوسٹر کے قریب امجن بیرکس میں واقع ہے۔
یہ نیٹو کا ایک اہم کمانڈ ڈھانچہ ہے، جو ضرورت پڑنے پر اتحادی افواج کی تیز رفتار تعیناتی اور فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں کردار ادا کرتا ہے۔
تاہم حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ مبینہ جاسوسی کے دوران کون سی معلومات حاصل کی گئیں، آیا کوئی معلومات روس تک پہنچائی بھی گئیں یا نہیں، اور اس معاملے میں روسی حکام کا کوئی براہ راست کردار ثابت ہوا ہے یا نہیں۔
برطانوی نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت کارروائی
برطانوی پولیس کے مطابق امریکی فوجی کو محفوظ یا حساس معلومات حاصل کرنے یا انہیں غیر قانونی طور پر افشا کرنے اور کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنے سے متعلق نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دو دفعات کے تحت مشتبہ قرار دیا گیا ہے۔
لندن میٹروپولیٹن پولیس کی ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر وکی ایونز نے کہا ہے کہ یہ اہم گرفتاری برطانیہ اور امریکا کے قریبی تعاون کا نتیجہ ہے اور الزامات سنگین نوعیت کے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بھی گرفتاری کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کی قومی سلامتی کے لیے اہم معاملہ قرار دیا اور برطانوی پولیس، ایم آئی فائی اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہا۔
امریکی فوج کی کاؤنٹر انٹیلی جنس کمانڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن نے کہا کہ یہ معاملہ ظاہر کرتا ہے کہ اداروں کے اندر موجود افراد کی جانب سے ممکنہ سکیورٹی خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
روس برطانیہ کشیدہ تعلقات
اس گرفتاری کو روس اور مغربی ممالک کے درمیان جاری سکیورٹی کشیدگی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔یوکرین جنگ کے بعد برطانیہ اور اس کے نیٹو اتحادیوں نے روس سے منسوب مبینہ جاسوسی، سائبر سرگرمیوں اور خفیہ کارروائیوں کے حوالے سے متعدد خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ماضی میں برطانیہ میں روسی جاسوسی کے الزامات سے جڑے کئی بڑے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں، جن میں 2006 میں سابق روسی جاسوس الیگزینڈر لِتوینینکو کو زہر دینے کا واقعہ اور 2018 میں سرگئی اسکریپال اور ان کی بیٹی کو زہر دینے کی کوشش شامل ہیں۔
حالیہ امریکی فوجی کی گرفتاری بھی اسی وسیع تر سکیورٹی تناظر میں اہمیت اختیار کر گئی ہے، تاہم موجودہ کیس میں ابھی کسی جرم کا عدالتی فیصلہ نہیں ہوا۔ برطانوی پولیس نے واضح کیا ہے کہ امریکی فوجی کی گرفتاری کا ملک میں جاری دیگر کاؤنٹر ٹیررازم تحقیقات سے کوئی تعلق نہیں


