پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی ببینک کا بڑا پیکیج: 50 کروڑ ڈالر کی منظوری

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں فوری مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے 50 کروڑ امریکی ڈالر کی مشروط آفاتی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس مالیاتی سہولت کا بنیادی مقصد پاکستان کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے بعد فوری بجٹ معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں حکومت کو مالی وسائل کی دستیابی کے لیے طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔

بینک کے اعلامیے کے مطابق یہ سہولت آفات کے معاشی اور مالیاتی اثرات کم کرنے، متاثرہ آبادیوں کی بحالی اور ملک کے آفاتی خطرات سے نمٹنے کے مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔

آفات سے پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالر کا نقصان

اے ڈی بی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث اوسطاً سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

سال 2022 کے تباہ کن سیلاب اس نقصان کی ایک بڑی مثال ہیں، جن کے نتیجے میں 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان ہوا۔15.2 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات سامنے آئے۔لاکھوں افراد کے روزگار، گھروں، زرعی زمینوں اور بنیادی سہولیات کو نقصان پہنچا۔

ان اعداد و شمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قدرتی آفات پاکستان کی معیشت اور سرکاری مالی وسائل پر کس قدر دباؤ ڈالتی ہیں۔

اس پروگرام کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ عام ترقیاتی منصوبوں کی طرح طویل المدتی تعمیراتی اخراجات کے لیے مختص نہیں، بلکہ ہنگامی حالات میں فوری مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

جب پاکستان میں کسی اہل قدرتی آفت کا واقعہ پیش آئے گا اور متعلقہ شرائط پوری ہوں گی تو اس سہولت کے تحت رقم جاری کی جا سکے گی۔

اس سے حکومت کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، بحالی اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے بجٹ میں فوری وسائل دستیاب ہو سکیں گے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک فائنانسنگ فریم ورک کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔

اس کا مقصد یہ ہے کہ حکومت قدرتی آفات کے ممکنہ مالی نقصانات کا پہلے سے اندازہ لگائے، ہنگامی فنڈنگ کے ذرائع تیار رکھے اور آفت آنے کی صورت میں فوری اقدامات کر سکے۔

اس پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی، ادارہ جاتی صلاحیت اور مالیاتی انتظام کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔